مغربی دفاعی اتحاد (نیٹو) کے سربراہان نے یوکرین میں جاری سیاسی بحران اور جنگجو تنظیم داعش سے نمٹنے کے لئے ریپڈ ری ایکشن فورس کے قیام کا اعلان کیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ کے شہر نیوپورٹ میں نیٹو سمٹ کے دوسرے روز یوکرین بحران اور عراق و شام میں تیزی سے پیش قدمی کرنے والی جنگجو تنظیم داعش سے نمٹنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر نیٹو سیکرٹری جنرل آندرے فوگ راسموسین نے نیٹو اتحاد پر مبنی ریپڈ ری ایکشن فورس کے قیام کا اعلان کیا جو یوکرین میں روسی جارحیت کو کم کرنے اور جنگجو تنظیم داعش کی پیش قدمی کو روکنے کے لئے کردار ادا کرے
گی۔
نیٹو سمٹ میں شریک برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے نئی فورس کے لئے 3 ہزار 500 فوجی پیش کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 28 ممالک پر مشتمل نیٹو اتحاد اس بات پر متفق ہے کہ نئی فورس 2 سے 5 روز کے اندر دنیا کے کسی بھی حصہ میں بھیجی جاسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ مشرقی یورپی ممالک کو یقین دلاتے ہیں کہ نیٹو اتحاد کے درمیان ہونے والے معاہدوں کی پاسداری کی جائے گی۔
واضح رہے کہ برطانوی شہر نیو پورٹ میں نیٹو سمٹ جاری ہے جس میں ممبران ممالک کے سربراہان شریک ہیں جبکہ سمٹ کے پہلے اور دوسرے روز یوکرین میں سیاسی بحران اور عراق اور شام میں داعش کی بڑھتی ہوئی پیش قدمی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔